حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مالدیپ کے دارالحکومت مالے میں جمعرات کو غیر ملکی کارکنوں کے گھروں میں آگ لگنے سے کم از کم 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔مالدیپ کا دارالحکومت دنیا کے سب سے زیادہ گنجان آباد شہروں میں سے ایک ہے۔
حکام نے بتایا کہ آگ میں تباہ ہونے والی عمارت کی اوپری منزل سے 10 لاشیں نکالی گئی ہیں، آگ گراؤنڈ فلور گاڑیوں کی مرمت کے گیراج سے شروع ہوئی تھی۔
فائر سروس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ہمیں 10 لاشیں ملی ہیں، آگ پر قابو پانے میں تقریباً چار گھنٹے لگے۔ ایک سیکورٹی اہلکار نے بتایا کہ مرنے والوں میں نو ہندوستانی اور ایک بنگلہ دیشی شہری شامل ہے۔ مالدیپ میں ہندوستان کے سفیر کی جانب سے بھی ایک ٹویٹ کیا گیا ہے اور انہوں نے مدد کے لیے فون نمبر بھی جاری کیا ہے۔مالدیپ کی سیاسی جماعتوں نے غیر ملکی کارکنوں کی شرائط پر تنقید کی ہے۔
خیال کیا جاتا ہے کہ غیر ملکی افراد مالے کی 250,000 آبادی کا آدھا حصہ ہیں اور ان میں زیادہ تر بنگلہ دیشی، ہندوستانی، نیپالی، پاکستانی اور سری لنکائی ہیں۔